مکہ مکرمہ کی فضائی حدود میں حوثی ڈرون تباہ، سعودی اتحاد
جدہ( مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی فضائی دفاع نے مکہ مکرمہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے حوثی ڈرون کو راستے میں ہی تباہ کردیا۔عسکری اتحاد کے مطابق حوثیوں کی جانب سے یہ ایک سنگین پیش رفت ہے، مقدس مقامات کا تحفظ سرخ لکیر ہے اور مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی۔یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کے دفاع کیلئے قائم عسکری اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ سعودی فضائی دفاع نے حوثیوں کی جانب سے بھیجا گیا ڈرون مکہ مکرمہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے سے قبل روک کر تباہ کیا۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں ترجمان نے بتایا کہ دشمن ڈرون کو مکہ مکرمہ کے جنوب میں روکا گیا، جبکہ یہ مقدس شہر کو نشانہ بنانے کی دوسری کوشش ہے۔ترکی المالکی نے حوثیوں پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے دنیا بھر سے مکہ مکرمہ آنے والے لاکھوں مسلمان زائرین میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی افواج کی مشترکہ کمان حوثی ملیشیا اور اس کے دہشت گردانہ طرز عمل کے خلاف ضروری اقدامات کرنے میں کسی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کرے گی۔سعودی عسکری اتحاد کے ترجمان کے مطابق اس سے قبل 27 جولائی 2017 کو بھی بیلسٹک میزائل کے ذریعے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔