ملائیشیا کا اسرائیلی فوج کیلئے کھیپ کی ترسیل روکنے کا اعلان
کوالالمپور( مانیٹرنگ ڈیسک)ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کیلئے بھیجی جانے والی کسی بھی کھیپ کو ملائیشیا سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں انور ابراہیم نے کہا کہ ملائیشیا ایسے کسی سامان کی ترسیل کیلئے راستہ فراہم نہیں کرے گا جو اسرائیلی فوجی صلاحیتوں یا فلسطینیوں سمیت دیگر بے گناہ افراد کے خلاف مظالم میں معاون ثابت ہو۔انہوں نے کہا کہ مشتبہ کھیپ کی ملائیشین قوانین کے تحت جانچ اور تحقیقات کی جائیں گی، جبکہ خلاف ورزی ثابت ہونے پر فیصلہ کن کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ملائیشین وزیراعظم کا یہ بیان بلومبرگ کی اس رپورٹ کے بعد سامنے آیا جس میں کہا گیا تھا کہ ملائیشین حکام نے ملک کی بڑی بندرگاہ سے اسرائیل جانے والی تمام کھیپوں کی ترسیل روک دی ہے۔رپورٹ کے مطابق حکام نے گزشتہ ماہ 19 اگست کو 3 کنٹینرز بھی روک لیے تھے۔ ملائیشیا کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات قائم نہیں ہیں۔