الہام علییف سے ہاکان فیدان کی ملاقات، پاکیزہ برادرانہ تعلقات پر گفتگو
استنبول( تر کیہ خبر)آذربائیجان کے صدر الہام علییف نے دارالحکومت باکو میں ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ملاقات کی۔آذربائیجانی صدارتی دفتر کے مطابق ہاکان فیدان دو روزہ دورے پر منگل کو آذربائیجان پہنچے، جہاں صدر الہام علییف نے ان کا استقبال کیا۔ملاقات کے دوران ہاکان فیدان نے ترک صدر رجب طیب اردوان کی جانب سے الہام علییف کو نیک خواہشات پہنچائیں۔ آذربائیجانی صدر نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ترک صدر کیلئے بھی خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں آذربائیجان اور ترکیہ کے برادرانہ اور تزویراتی اتحاد میں کامیاب پیش رفت اور ’’ایک قوم، دو ریاستیں‘‘ کے اصول کے تحت تعاون مزید مضبوط ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ملاقات میں توانائی کے شعبے میں تعاون کی اہمیت اور متبادل توانائی کے ذریعے عالمی منڈیوں تک رسائی کیلئے نئے راستوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔فریقین نے آذربائیجان اور ترکیہ کی لاجسٹک اہمیت، خصوصاً یورپ اور ایشیا کے درمیان اہم پل کی حیثیت کو اجاگر کیا اور عالمی اداروں میں سرگرمیوں کے باہمی رابطے کی ضرورت پر زور دیا۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے مستقبل، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی گفتگو ہوئی۔