آذربائیجان اور ترکیہ آئندہ دہائیوں کے منصوبوں پر مشترکہ کام کریں گے

آذربائیجان اور ترکیہ آئندہ دہائیوں کے منصوبوں پر مشترکہ کام کریں گے

استنبول( تر کیہ خبر)آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیحون بایراموف نے کہا ہے کہ آذربائیجان اور ترکیہ آئندہ کئی دہائیوں کیلئے نئے منصوبوں پر باہمی رابطے اور تعاون کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں جیحون بایراموف نے بتایا کہ ملاقات کے دوران ان شعبوں پر گفتگو ہوئی جو روایتی طور پر دونوں ممالک کیلئے تزویراتی اہمیت رکھتے ہیں۔انہوں نے توانائی کے شعبے کو خصوصی اہمیت دیتے ہوئے کہا کہ باکو تبلیسی جیہان تیل پائپ لائن اور جنوبی گیس راہداری منصوبوں کی تکمیل اور کامیاب آپریشن نے آذربائیجان اور ترکیہ سمیت وسیع جغرافیائی خطے کی توانائی سلامتی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔بایراموف نے کہا کہ موجودہ مرحلے پر ایسے منصوبے موجود ہیں جن میں آئندہ دہائیوں کیلئے وسیع امکانات اور بڑی صلاحیت پائی جاتی ہے، جن پر دونوں ممالک قریبی رابطے کے ذریعے کام کررہے ہیں۔انہوں نے متبادل توانائی کے شعبے میں اقدامات کو بھی اجاگر کیا، جن میں آذربائیجان میں پیدا ہونے والی ماحول دوست توانائی کو بحیرہ اسود کے راستے یورپ پہنچانے کے منصوبے اور آذربائیجان کے خودمختار علاقے نخچیوان کو ترکیہ سے نئی توانائی کیبل کے ذریعے ملانے کا منصوبہ شامل ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.