سعودی کابینہ کا آبنائے ہرمز میں آزادانہ بحری آمدورفت پر زور

سعودی کابینہ کا آبنائے ہرمز میں آزادانہ بحری آمدورفت پر زور

ریاض( مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کی کابینہ نے آبنائے ہرمز، باب المندب، بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں آزادانہ بحری آمدورفت یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں مکہ دفاعی معاہدے کے سیکرٹریٹ کے قیام سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں آبنائے ہرمز میں 28 فروری سے قبل کی صورتحال بحال کرنے اور بحری جہازوں کی آمدورفت پر کسی قسم کی فیس یا پابندی عائد نہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔سعودی کابینہ نے اہم آبی گزرگاہوں کو ممالک پر دباؤ ڈالنے، دھمکیاں دینے یا ان کے مفادات کو نقصان پہنچانے کیلئے استعمال کرنے کو مسترد کرتے ہوئے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی پاسداری پر زور دیا۔کابینہ نے سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے مذمت کا خیرمقدم کیا، جبکہ اسرائیلی حکام اور انتہا پسند آبادکاروں کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی حرمت اور مذہبی و تاریخی حیثیت کی خلاف ورزی کی بھی شدید مذمت کی۔سعودی وزیر اطلاعات سلمان الدوسری کے مطابق کابینہ نے اپنے مؤقف کا اعادہ کیا کہ خطے میں منصفانہ اور پائیدار امن کیلئے دو ریاستی حل کا نفاذ ضروری ہے، جس کے تحت 1967 کی سرحدوں کے مطابق مشرقی بیت المقدس کو دارالحکومت بنا کر آزاد فلسطینی ریاست قائم کی جائے۔اجلاس میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں سعودی عرب کی شرکت کے نتائج کا بھی جائزہ لیا گیا اور عالمی امن و سلامتی، سفارت کاری، بین الاقوامی بحرانوں کے حل اور انسانی ضروریات سے متعلق سعودی کردار کو سراہا گیا۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.