مکہ دفاعی معاہدہ، سعودی عمارتیں تینوں ممالک کے پرچموں سے جگمگا اٹھیں
اسلام آباد( تر کیہ خبر) پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کی خوشی میں سعودی عرب کے اہم مقامات اور بلند عمارتوں کو تینوں ممالک کے قومی پرچموں کی روشنیوں سے سجا دیا گیا۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں عمارتوں اور ٹاورز پر کی گئی برقی سجاوٹ تاریخی معاہدے پر عوامی خوشی اور مسرت کی عکاس ہے۔پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے گزشتہ روز مکہ مکرمہ کے قصر الصفا میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت کسی ایک ملک پر مسلح حملے کو تینوں ممالک کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔معاہدے کا مقصد تینوں ممالک کی اجتماعی سلامتی کو مضبوط بنانا اور مشرق وسطیٰ سمیت عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔سعودی عمارتوں پر پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے پرچم روشن کرکے خوشی کا اظہار تینوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات، باہمی روابط اور اسلامی اخوت کی عکاسی کرتا ہے۔