سعودی عرب نے ڈرون حملوں کے بعد مشرقی مغربی تیل پائپ لائن بند کردی
ریاض( مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب نے ریاض اور مدینہ کے علاقوں میں ڈرون حملوں کے بعد تیل برآمد کرنے والی مشرقی مغربی پائپ لائن کو عارضی طور پر معطل کردیا۔سعودی وزارتِ توانائی کے مطابق آبنائے ہرمز سے گزرے بغیر تیل کی ترسیل اور برآمد کے لیے استعمال ہونے والی پائپ لائن کو متعدد حملوں کے بعد احتیاطی اقدام کے طور پر بند کیا گیا ہے۔وزارتِ توانائی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں بتایا کہ پائپ لائن کو جمعرات کی صبح نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔سعودی وزارتِ خارجہ کے مطابق پائپ لائن پر عراق کی جانب سے ڈرون حملے کیے گئے۔ سعودی حکومت نے عراقی وزیراعظم کی درخواست پر فی الحال جوابی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزارتِ خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب اپنی خودمختاری کے دفاع اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ حملہ ایسے وقت ہوا ہے جب حوثیوں کی تیز رفتار کارروائیوں کے باعث یمن کے بحیرۂ احمر سے متصل پورے ساحلی علاقے پر ان کے مکمل کنٹرول کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔