شمالی کوریا کا مشرقی ساحل سے متعدد بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ
شمالی کوریا ( مانیٹرنگ ڈیسک)شمالی کوریا نے اپنے مشرقی ساحلی علاقے سے بحیرہ جاپان کی سمت متعدد بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے مطابق میزائل وونسان کے علاقے سے فائر کیے گئے، جو تقریباً 250 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد سمندر میں جاگرے۔جنوبی کوریا کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ تجربہ ایسے وقت کیا گیا جب جنوبی کوریا، امریکا اور جاپان نے شمالی کوریا سے درپیش ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ فوجی مشقیں حال ہی میں مکمل کی ہیں۔شمالی کوریا نے گزشتہ ماہ ان مشترکہ مشقوں کے منصوبے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہیں اپنے اور خطے کے دیگر ممالک کے لیے خطرہ قرار دیا تھا۔رپورٹ کے مطابق ہفتے کو کیا جانے والا یہ تجربہ گزشتہ ماہ کے آغاز کے بعد شمالی کوریا کا چوتھا میزائل تجربہ ہے۔ اس سے قبل 6، 12 اور 20 اگست کو بھی شمالی کوریا نے متعدد بیلسٹک میزائلوں کے تجربات کیے تھے۔