ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں اسرائیلی حکام کی جانب سے کیے گئے اشتعال انگیز اقدامات کی شدید مذمت کی ہے۔سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی قوانین اور عالمی ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والے اقدامات کو فوری طور پر روکا جائے اور اسلامی مقدسات و فلسطینی شہریوں کے خلاف کارروائیوں پر اسرائیلی حکام کو جوابدہ بنایا جائے۔رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حکام پولیس کی سکیورٹی میں مسجد اقصیٰ کے احاطے میں داخل ہوئے جبکہ ایک اہلکار نے مسجد کے صحن میں اسرائیلی پرچم بھی لہرایا۔ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ واقعات یروشلم ڈے کے موقع پر پیش آئے، جس دوران اسرائیل کے انتہا پسند وزیر اتمار بین گویر اپنے حامیوں اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ مسجد اقصیٰ پہنچے، جہاں پرچم لہرانے اور نعرے بازی کے واقعات بھی سامنے آئے۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ایک اسرائیلی رکن اسمبلی کو بھی مسجد اقصیٰ کے احاطے میں عبادت کرتے دیکھا گیا۔