کوئٹہ ( ترکیہ خبر) بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے بارکھان میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے شہید میجر توصیف احمد بھٹی، نائب فدا حسین، سپاہی ذاکر حسین، سپاہی سہیل احمد اور سپاہی محمد ایاز کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہادر جوانوں نے دشمن کا جرات اور دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے عظیم قربانیاں دیں۔وزیر داخلہ بلوچستان کا کہنا تھا کہ شہداء کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر افسران اور جوانوں کی لازوال قربانیوں پر فخر کرتی ہے اور اس دکھ کی گھڑی میں شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کیا جاتا ہے۔میر ضیاء اللہ لانگو نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ بلوچستان میں امن خراب کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
بارکھان آپریشن میں شہید جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، میر ضیاء لانگو
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان