آزاد کشمیر کے مسائل کا حل ضروری، مگر پورا بجٹ ایک خطے پر نہیں لگایا جا سکتا: خواجہ سعد رفیق
اسلام آباد( ترکیہ خبر)سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل حل کرنا ضروری ہے، تاہم ملک کا پورا بجٹ صرف ایک خطے پر خرچ نہیں کیا جا سکتا کیونکہ وفاق کو تمام صوبوں اور علاقوں کو ساتھ لے کر چلنا ہوتا ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے بعض علاقوں میں احتجاج کرنے والے شہریوں اور ریاستی اداروں کے درمیان کشیدگی افسوسناک ہے، ایسی صورتحال پیدا نہیں ہونی چاہیے تھی، لیکن بدقسمتی سے معاملات اس نہج تک پہنچ گئے۔خواجہ سعد رفیق کے مطابق موجودہ صورتحال کی بنیادی وجہ آزاد کشمیر میں برسوں سے جاری ناقص طرزِ حکمرانی اور عوامی مسائل کا حل نہ ہونا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے بعض مطالبات قابلِ قبول نہیں تھے، جبکہ آزاد کشمیر میں بجلی پہلے ہی انتہائی کم نرخوں پر فراہم کی جا رہی تھی اور وفاقی حکومت کی بڑی گرانٹس اسی مد میں خرچ ہو رہی تھیں۔ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کا مطالبہ جائز ہے اور ان پر عمل درآمد کے لیے ٹائم فریم طے کیا جا سکتا ہے، تاہم تمام قومی وسائل صرف آزاد کشمیر پر صرف کرنا ممکن نہیں۔سابق وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ حالات اس وقت مزید خراب ہوئے جب بعض عناصر نے احتجاجی اسٹیج سے پاکستان مخالف بیانات دینا شروع کیے۔انہوں نے مہاجرینِ کشمیر کی نمائندگی کے حوالے سے کہا کہ کشمیر کاز کے لیے مہاجرین نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، اس لیے ان کی مخصوص نشستیں ختم نہیں کی جا سکتیں اور انہیں نظر انداز کرنے کا مؤقف کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔