کیف پر روسی حملے، 17 افراد ہلاک، درجنوں زخمی
کیف( مانیٹرنگ ڈیسک)روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف اور گرد و نواح میں بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کیے، جن کے نتیجے میں کم از کم 17 افراد ہلاک جبکہ 44 سے زائد زخمی ہو گئے۔یوکرینی حکام کے مطابق حملوں میں رہائشی علاقوں، گوداموں، ریلوے اسٹیشن اور دیگر شہری تنصیبات کو نقصان پہنچا، جبکہ متعدد عمارتوں میں آگ لگ گئی۔ امدادی کارکن ملبے تلے دبے افراد کی تلاش اور بچاؤ کی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔یوکرینی صدر ولادمیر زیلنسکی نے کہا کہ روسی حملوں میں بڑی تعداد میں میزائل اور ڈرون استعمال کیے گئے، جبکہ یوکرین کو بیلسٹک میزائلوں کو روکنے کے لیے فضائی دفاعی نظام اور انٹرسیپٹرز کی کمی کا سامنا ہے۔دوسری جانب روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ حملوں میں فوجی اور لاجسٹک تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، تاہم یوکرین کا مؤقف ہے کہ حملوں سے شہری علاقوں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔