روس کا پاکستان اور افغانستان سے تحمل اور مذاکرات کا مطالبہ
ماسکو( مانیٹرنگ ڈیسک)روس نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ مسلح تصادم سے گریز کریں اور تمام اختلافات سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کریں۔روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی خطے کے امن اور استحکام کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔بیان کے مطابق روس دونوں ہمسایہ ممالک سے توقع رکھتا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کا راستہ اختیار کریں۔روسی وزارت خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کسی بھی قسم کے فوجی تصادم سے اجتناب کرتے ہوئے باہمی اختلافات کو پرامن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے تاکہ خطے میں امن اور استحکام برقرار رکھا جا سکے۔