راولاکوٹ میں راستوں کی بندش، انتظامیہ کا مسلح افراد کے خلاف کارروائی کا دعویٰ
مظفرآباد( ترکیہ خبر)ترجمان انتظامیہ پونچھ ڈویژن راولاکوٹ کے مطابق کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح افراد کی جانب سے راولاکوٹ اور گردونواح میں سڑکوں کی بندش کے باعث اشیائے ضروریہ کی ترسیل متاثر ہوئی ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے مختلف مقامات پر درخت کاٹ کر اور پتھر رکھ کر راستے بند کر رکھے ہیں، جس کے باعث ڈرائیور اشیائے خور و نوش پہنچانے سے گریز کر رہے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق ڈرائیوروں کو مبینہ طور پر نامناسب رویے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ترجمان کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے باغ، راولاکوٹ روٹ کھلوانے کیلئے سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹانے کا عمل شروع کیا، تاہم کوئیڑہ پوٹھی ملوالاں کے مقام پر مسلح افراد نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔انتظامیہ کے مطابق مسلح افراد نے سڑکوں کے اطراف میں مورچے قائم کر رکھے تھے، جہاں سے جدید اسلحے کے ذریعے فائرنگ کی گئی۔ انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ مسلح افراد نے مساجد میں جا کر لوگوں کو اشتعال دلانے کیلئے اعلانات بھی کیے۔ترجمان انتظامیہ کے مطابق مسلح گروہوں نے ایک ماہ سے راستے بند کر کے علاقے کے معمولات متاثر کر رکھے تھے، جبکہ بعض سرکاری عمارتوں پر بھی قبضے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پانچ اہم راستوں کی بندش کے باعث شہریوں کو خوراک کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا تھا، تاہم مزاحمت کے بعد باغ، راولاکوٹ روٹ کو بحال کر دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کوہالہ کے راستے سے اشیائے ضروریہ لا سکتے ہیں، جبکہ دیگر بند راستے بھی مرحلہ وار کھولے جائیں گے۔انتظامیہ نے بتایا کہ ویڈیوز کی مدد سے مسلح افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے، جبکہ ان کی معاونت کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔ترجمان کے مطابق راولپنڈی، راولاکوٹ روڈ پر بعض مسلح افراد نے سڑکوں اور پہاڑی علاقوں میں پوزیشنیں سنبھال رکھی ہیں۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے احتجاجی مارچ کیے جاتے رہے، جس سے خطے کی سیاحت متاثر ہوئی۔ حکام کے مطابق ماضی میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، اہلکاروں پر حملوں اور دیگر واقعات کی اطلاعات بھی سامنے آتی رہی ہیں۔انتظامیہ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مسلح گروہوں کو مظفرآباد کی طرف پیش قدمی سے روکنے کے بعد راستے بند کیے گئے، جس کے خلاف کارروائی شروع کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ راستوں کی بحالی اور امن و امان برقرار رکھنے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔