گرمی بڑھنے سے آبی ذخائر میں پانی کی آمد میں اضافہ
پشاور ( ترکیہ خبر) موسم میں گرمی کی شدت بڑھنے کے ساتھ ہی ملک کے آبی ذخائر میں پانی کی آمد میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے۔ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 4 فٹ بلند ہوئی، جبکہ پانی کے ذخیرے میں ایک لاکھ ایکڑ فٹ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے بعد تربیلا ڈیم میں پانی کا مجموعی ذخیرہ 8 لاکھ 44 ہزار ایکڑ فٹ تک پہنچ گیا ہے۔اسی دوران تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد میں 19 ہزار کیوسک اضافہ ہوا اور یہ ایک لاکھ 96 ہزار کیوسک تک پہنچ گئی۔چشمہ بیراج پر بھی پانی کی آمد میں 10 ہزار کیوسک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد وہاں پانی کی آمد 2 لاکھ 4 ہزار کیوسک ہو گئی ہے۔ادھر ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد 9 ہزار کیوسک بڑھنے کے بعد 53 ہزار کیوسک تک پہنچ گئی ہے۔دوسری جانب نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کی آمد میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور یہ بدستور 46 ہزار کیوسک برقرار ہے۔