مصنوعی ذہانت کی بڑھتی طلب سے میموری چپس کی قلت، صارفین مشکلات کا شکار
استنبول (ترکیہ خبر) مصنوعی ذہانت کے نظاموں کی تیاری اور انہیں چلانے کے لیے کمپیوٹنگ اور میموری کی بڑھتی ہوئی ضرورت نے ریم اور تیز رفتار میموری چپس کی اہمیت میں اضافہ کردیا ہے، جس کے باعث عالمی سطح پر ان کی فراہمی متاثر ہورہی ہے اور عام صارفین کو کمپیوٹرز کے لیے میموری کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کا سامنا ہے۔اوپن اے آئی کے سربراہ سیم آلٹ مین نے ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں ذاتی کمپیوٹرز میں بڑی مقدار میں ڈی آر اے ایم میموری نصب رکھنے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا میں دستیاب محدود میموری کا بڑا حصہ ایسے کمپیوٹرز میں موجود ہے جہاں اسے صرف 5 فیصد وقت استعمال کیا جاتا ہے۔ ان کے اس مؤقف پر انٹرنیٹ صارفین نے سخت ردعمل دیا، جبکہ ایلون مسک نے بھی کہا کہ لوگوں کو اپنی میموری رکھنے کا حق حاصل ہے۔بعد ازاں سیم آلٹ مین نے وضاحت کی کہ ان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ جتنی چاہیں میموری استعمال کرسکتے ہیں اور قلت کا حقیقی حل میموری کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہے۔ڈیوک یونیورسٹی کے الیکٹریکل اور کمپیوٹر انجینئرنگ کے پروفیسر ییران چن نے اناطولیہ نیوز ایجنسی سے گفتگو میں کہا کہ مصنوعی ذہانت کے ماڈلز بڑے نیورل نیٹ ورکس اور بے شمار پیرامیٹرز پر مشتمل ہوتے ہیں، جنہیں محفوظ رکھنے اور تیزی سے استعمال کرنے کے لیے ریم انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے اس خیال سے اختلاف کیا کہ میموری چپس صرف ڈیٹا سینٹرز میں استعمال ہونی چاہئیں، کیونکہ رازداری کے خدشات کے باعث ہر کام کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے ذریعے انجام دینا ممکن نہیں۔پروفیسر چن کے مطابق صارفین کو اپنے ڈیٹا کی ملکیت اور اسے اپنے آلات پر پراسیس کرنے کی سہولت ملنی چاہیے۔ ذاتی کمپیوٹرز پر مصنوعی ذہانت کے ماڈلز چلانے سے اس ٹیکنالوجی تک رسائی وسیع ہوگی اور کلاؤڈ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں پر انحصار کم ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل انٹرنیٹ کے ابتدائی دور میں بھی یہ خیال ظاہر کیا گیا تھا کہ تمام کمپیوٹنگ کلاؤڈ پر منتقل ہوجائے گی اور ذاتی کمپیوٹرز کی ضرورت ختم ہوجائے گی، تاہم ایسا نہیں ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت کا حقیقی دنیا سے براہ راست رابطہ ضروری ہے، اسی لیے اسمارٹ فونز، خودکار گاڑیوں اور پہننے کے قابل آلات میں مقامی سطح پر اے آئی ماڈلز چلانے کی اہمیت بڑھ رہی ہے۔ ڈیٹا کے قریب موجود ڈیوائس پر الگورتھم چلانے سے مرکزی سرور کے مقابلے میں ردعمل کا وقت کم اور نظام کی قابل اعتماد کارکردگی بہتر ہوسکتی ہے۔ روزمرہ استعمال کے آلات میں نسبتاً چھوٹے ماڈلز استعمال کیے جاتے ہیں، جو کم توانائی خرچ کرتے ہیں، تاہم ان کی کارکردگی بڑے اے آئی سرورز سے کم ہوتی ہے۔پروفیسر چن کے مطابق مصنوعی ذہانت کے لیے صرف ڈی آر اے ایم ہی استعمال نہیں ہوتی بلکہ گرافکس پروسیسنگ یونٹس میں ویڈیو ریم اور اس سے بھی تیز رفتار ہائی بینڈوڈتھ میموری بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چپ ساز کمپنیاں مختصر مدت میں اپنی پیداواری صلاحیت میں نمایاں اضافہ نہیں کرسکتیں، جبکہ ذاتی کمپیوٹرز اور جدید گرافکس و مرکزی پروسیسنگ یونٹس کے لیے میموری کی تیاری میں مسابقت بڑھ رہی ہے، جس سے قلت اور صارفین کے لیے قیمتوں میں اضافے کا دباؤ برقرار ہے۔