پاک چین دوستی ستاروں تک پہنچ گئی، خلائی تعاون نئی بلندیوں پر: وزیراعظم
اسلام آباد (ترکیہ خبر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی شراکت داری حقیقی معنوں میں ستاروں تک جا پہنچی ہے۔ چین کے خلائی مرکز کا دورہ کرنے والے پہلے پاکستانی خلا باز کا تاریخی سفر محض ایک فرد کی کامیابی نہیں بلکہ 24 کروڑ پاکستانیوں کے خوابوں اور امیدوں کی ترجمانی کرتا ہے۔وزیراعظم سے پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور خلائی تحقیق سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر شہباز شریف نے 25 نومبر کو چین کے تیانگونگ خلائی مرکز سے شینزو-24 مشن کی کامیاب روانگی پر چینی قیادت، سفیر اور عوام کو مبارکباد دی۔ اس مشن کے ذریعے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کو چین کے خلائی اسٹیشن پہنچایا جا رہا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنے دوست ملک چین کا شکر گزار ہے جس نے پاکستانی خلا باز کو اس تاریخی مشن کا حصہ بننے کا موقع فراہم کیا۔ اس کامیابی کے نتیجے میں ایک پاکستانی چین کے خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والا پہلا غیر ملکی خلا باز بن گیا ہے۔وزیراعظم نے دونوں پاکستانی خلا بازوں کی تربیت میں معاونت پر چینی اداروں کی خدمات کو سراہا اور قومی خلائی ادارے سپارکو، تعلیمی اداروں، سائنس دانوں اور مسلح افواج کے کردار کی بھی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی ملک کے نوجوانوں کو چاند اور اس سے آگے کی منزلیں حاصل کرنے کے لیے نئی تحریک دے گی۔انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت اور دوراندیش حکمت عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین نے سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کے میدان میں غیر معمولی ترقی کی ہے اور انسانیت کے وسیع تر مفاد کے لیے اپنا خلائی پروگرام دوست ممالک کے لیے بھی کھولا ہے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خلا کی پُرامن تحقیق اور استعمال کے شعبے میں چین کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے سلسلے میں رواں سال منعقد ہونے والی تقریبات اور دیگر سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر شہباز شریف نے چینی سفیر کے ذریعے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے نام تہنیتی خطوط بھی بھجوائے۔