سیکرٹری خارجہ عاصم افتخار احمد کی ملازمت میں 2 سال توسیع منظور
اسلام آباد ( تر کیہ خبر) صدر مملکت آصف علی زرداری نے سیکرٹری خارجہ عاصم افتخار احمد کی ملازمت میں مزید 2 سال کی توسیع کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد وہ آئندہ دو برس تک معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے عاصم افتخار احمد کے نئے 2 سالہ ملازمت کے معاہدے کی منظوری دی ہے۔ اس فیصلے کے نتیجے میں انہیں مزید دو سال تک سیکرٹری خارجہ کے منصب پر کام جاری رکھنے کی اجازت مل گئی ہے۔عاصم افتخار احمد کا شمار پاکستان کے تجربہ کار سفارت کاروں میں ہوتا ہے۔ وہ اس وقت وزارت خارجہ میں اعلیٰ ترین سفارتی عہدے یعنی سیکرٹری خارجہ کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ انہیں دوطرفہ اور کثیرالجہتی سفارتی امور میں کئی دہائیوں کا تجربہ حاصل ہے۔موجودہ عہدہ سنبھالنے سے قبل وہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کی حیثیت سے فرائض انجام دے چکے ہیں، جہاں انہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کے سفارتی مؤقف اور قومی ترجیحات اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔عاصم افتخار احمد وزارت خارجہ کے ترجمان بھی رہ چکے ہیں۔ اس ذمہ داری کے دوران انہوں نے علاقائی اور عالمی معاملات میں اہم پیش رفت کے موقع پر پاکستان کی خارجہ پالیسی اور سرکاری مؤقف کو عالمی برادری اور ذرائع ابلاغ کے سامنے پیش کیا۔