مکہ دفاعی معاہدہ ابتدائی مرحلے میں، مسلسل مشاورت ضروری ہے، خواجہ آصف
اسلام آباد ( ترکیہ خبر) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے، جسے مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے باقاعدگی سے اجلاسوں اور مسلسل مشاورت کی ضرورت ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق خواجہ آصف نے بتایا کہ مشترکہ دفاعی معاہدے میں شامل تینوں ممالک کے حکام اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کے دوران سعودی عرب اور یمن کے حوثی جنگجوؤں کے درمیان جاری کشیدگی پر تبادلہ خیال کریں گے۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے جنوبی علاقوں میں مسلسل بدامنی اجلاس کے ایجنڈے کا ایک اہم اور انتہائی حساس معاملہ ہوگا۔ اجلاس میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے وزرائے دفاع اور وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔خواجہ آصف نے واضح کیا کہ معاہدے کے تحت سعودی عرب کو لاحق کسی بھی خطرے کو پاکستان اور ترکیہ کے لیے بھی خطرہ تصور کیا جائے گا۔ انہوں نے یمن کے دارالحکومت صنعاء سمیت وسیع علاقوں پر قابض حوثیوں کے ساتھ تنازع سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب کی حکمت عملی کو بھی سراہا۔انہوں نے مزید کہا کہ مکہ دفاعی معاہدہ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے، اس لیے اس کے تحت طے پانے والے معاملات کو درست سمت دینے کے لیے باقاعدگی سے اجلاس اور مسلسل مشاورت ناگزیر ہے۔ کوشش ہے کہ آئندہ چند ماہ میں تمام انتظامات مکمل کرکے معاہدے پر عملی پیش رفت کی جاسکے۔وزیر دفاع نے اسرائیل کو خطے کے دیگر ممالک کے لیے ممکنہ خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی جانب سے کسی نئے تنازع یا جارحیت کا امکان موجود ہے، لہٰذا خطے کے ممالک کو باہمی اتحاد اور یکجہتی کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔