ترکیہ کا دہشت گردی سے پاک ملک اور خطے کا ہدف حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ

ترکیہ کا دہشت گردی سے پاک ملک اور خطے کا ہدف حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ

استنبول ( تر کیہ خبر) ترکیہ کی قومی سلامتی کونسل نے دہشت گردی سے پاک ترکیہ اور دہشت گردی سے پاک خطے کے قیام کے منصوبوں پر عمل درآمد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی یکجہتی اور سماجی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کی کوششیں پوری ثابت قدمی سے جاری رہیں گی۔صدر رجب طیب اردوان کی زیر صدارت قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں ان منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت، سلامتی کو درپیش خطرات اور حالیہ عالمی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ محکمہ اطلاعات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں ملکی و بیرونی سطح پر ترکیہ کی قومی وحدت اور سلامتی کو نقصان پہنچانے والے خطرات کے خلاف جاری کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں بالخصوص پی کے کے، کے سی کے، پی وائی ڈی، وائی پی جی، فیتو اور داعش جیسی دہشت گرد تنظیموں سے لاحق خطرات اور ان کے خلاف اقدامات پر غور کیا گیا۔قومی سلامتی کونسل نے منظم جرائم کے خلاف جاری کوششوں کا بھی جائزہ لیا اور واضح کیا کہ امن عامہ میں خلل ڈالنے اور شہریوں کی سلامتی، فلاح و بہبود اور املاک کو نقصان پہنچانے والے گروہوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔اجلاس میں ہمسایہ ممالک شام اور عراق کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ کونسل کا کہنا تھا کہ ترکیہ خطے میں محفوظ، مستحکم، جامع اور خوشحال مستقبل کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.