اردوان نے پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ مکہ دفاعی معاہدے کی منظوری دے دی
انقرہ ( تر کیہ خبر) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق صدر اردوان کی منظوری کے بعد ترکیہ میں معاہدے کی توثیق کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔ اس سے قبل ترکیہ کی پارلیمنٹ نے 5 نومبر کو مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی منظوری دی تھی۔ ترکیہ کی جانب سے سعودی عرب میں اپنی فوج تعینات کرنے کی اجازت حاصل کرنے کے لیے پارلیمنٹ میں قرارداد بھی پیش کی جائے گی۔ترکیہ نیٹو اتحاد کی دوسری بڑی فوجی طاقت ہے، جبکہ پاکستان اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی قوت اور سعودی عرب تیل برآمد کرنے والے نمایاں ممالک میں شامل ہے۔ تینوں ممالک کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدہ رواں سال اگست میں طے پایا تھا۔دوسری جانب مکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا اجلاس کچھ دیر بعد باضابطہ طور پر شروع ہوگا۔ اجلاس میں سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان، وزیر دفاع اور ملٹری چیف شرکت کریں گے، جبکہ ترکیہ کی جانب سے وزیر خارجہ حاکان فدان، وزیر دفاع اور ملٹری چیف شریک ہوں گے۔پاکستان کی نمائندگی فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر دفاع خواجہ آصف کریں گے۔ اجلاس کے موقع پر مختلف رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ترکیہ اور سعودی عرب کے وفود کی آج وزیراعظم شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔