ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی صنعت میں تعاون کا معاہدہ طے پاگیا
استنبول ( تر کیہ ڈیسک) ترکیہ اور سعودی عرب نے دفاعی صنعت کے شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کردیے ہیں۔ترکیہ کے ادارہ برائے دفاعی صنعت کے سربراہ ہالوک گورگن نے جمعرات کو بتایا کہ یہ معاہدہ ترکیہ کے ادارہ برائے دفاعی صنعت اور سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے دفاعی ترقی کے درمیان طے پایا ہے۔ہالوک گورگن کے مطابق سعودی ادارے کے سربراہ فالح بن عبداللہ السلیمان کے ساتھ دستخط کیے جانے والے معاہدے میں دفاعی اور فوجی ٹیکنالوجی، نظام اور سازوسامان کے شعبوں میں تحقیق، ترقی اور جدت کے حوالے سے مشترکہ تعاون شامل ہے۔انہوں نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں کنگ عبداللہ مالیاتی ضلع کو نشانہ بنانے والے حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سعودی قیادت اور عوام سے تعزیت اور یکجہتی کا پیغام بھی دیا۔ہالوک گورگن نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ سعودی عرب کے دوست اور برادر عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور اس مشکل وقت میں ان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ دفاعی تعاون کا یہ معاہدہ دونوں ممالک کے لیے مفید ثابت ہوگا۔ اس موقع پر انہوں نے فالح بن عبداللہ السلیمان اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کا دورے پر شکریہ بھی ادا کیا۔