1971 میں بھارت نے بنگالیوں کی مدد نہیں کی، پاکستان کو کمزور کیا: بنگلہ دیشی اسپیکر

1971 میں بھارت نے بنگالیوں کی مدد نہیں کی، پاکستان کو کمزور کیا: بنگلہ دیشی اسپیکر

اسلام آباد (ترکیہ خبر) بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد نے کہا ہے کہ 1971 میں بھارت نے بنگالیوں کی مدد کرنے کے بجائے پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے اقدامات کیے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 15 برس کے دوران بنگلہ دیش ایک ہمسایہ ملک کے زیر اثر رہا اور اس صورتحال میں عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ الدین احمد نے کہا کہ سابق وزیراعظم حسینہ واجد اگر بنگلہ دیش واپس آئیں تو انہیں جیل جانا پڑے گا۔ ان کے مطابق حسینہ واجد نے ایک مسلم مخالف ملک میں پناہ لے رکھی ہے۔ اگر بھارت انہیں واپس نہیں کرتا تو بنگلہ دیش اس معاملے پر عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرے گا۔انہوں نے کہا کہ حسینہ واجد کی جانب سے وطن واپسی کا اعلان محض اپنے کارکنوں کو پیغام دینے کے لیے ہوتا ہے اور ان کے خیال میں وہ آئندہ 10 برس تک بنگلہ دیش واپس نہیں آئیں گی۔ حافظ الدین احمد نے عوامی لیگ کو دہشت گرد جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اس پر پابندی عائد کرنے کے امکان کا جائزہ لے رہی ہے۔بنگلہ دیشی اسپیکر کا کہنا تھا کہ ان کے ملک کے عوام جمہوریت پسند ہیں اور کسی بھی قسم کی آمریت قبول نہیں کرتے۔ 1971 میں بھی بنگالیوں نے جمہوریت کا مطالبہ کیا تھا، لیکن انہیں یہ حق نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کا پارلیمانی نظام ایک جیسا ہے، جبکہ 1975 میں بنگلہ دیش میں یک جماعتی نظام متعارف کرایا گیا تھا۔ ان کے مطابق بدقسمتی سے ملک کو حقیقی جمہوریت میسر نہ آسکی، تاہم رواں سال فروری میں ہونے والے انتخابات شفاف تھے۔حافظ الدین احمد نے مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوستی کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ بین الاقوامی پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے لیے بنگلہ دیشی امیدوار کی حمایت کرنے پر انہوں نے پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.