اسلام آباد میں نئے کنونشن و ایکسپو سینٹر کی تعمیر کا آغاز، 7 ماہ میں تکمیل کا ہدف
اسلام آباد (ترکیہ خبر) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں نئے کنونشن و ایکسپو سینٹر کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔محسن نقوی نے کہا کہ صرف 6 سے 7 ماہ میں اتنے بڑے منصوبے کی تعمیر مکمل کرنا ایک بڑا چیلنج ہے، تاہم انہیں اپنی ٹیم کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے اور امید ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے قبل یہ منصوبہ مکمل کرلیا جائے گا۔وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق نئے کنونشن سینٹر کی چوڑائی 180 فٹ ہوگی، جہاں بڑے پیمانے پر نمائشوں کے انعقاد کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ منصوبے کے ساتھ موجودہ جناح کنونشن سینٹر کی مکمل تزئین و آرائش بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سنگ بنیاد رکھنے کے ساتھ ہی منصوبے کی بروقت تکمیل کا امتحان شروع ہوگیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آئندہ دو روز میں تعمیراتی مشینری اور دیگر ضروری انتظامات متحرک کردیے جائیں گے، جبکہ 28 یا 29 نومبر سے تعمیراتی کام باقاعدہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی ٹیم اور ٹھیکیداروں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔محسن نقوی نے بتایا کہ کشمیر انٹرچینج کی طرز پر اس منصوبے کے لیے بھی الٹی گنتی کی گھڑی نصب کی جائے گی اور ہر 2 یا 3 روز بعد ذرائع ابلاغ کو تعمیراتی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔ منصوبے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر 24 گھنٹے کے اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے دو بنیادی حصے ہیں، جن میں نئے کنونشن و ایکسپو سینٹر کی تعمیر اور جناح کنونشن سینٹر کی تزئین و آرائش شامل ہے۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ ان کے، چیئرمین سی ڈی اے اور پوری ٹیم کے لیے ایک بڑا امتحان ہے، تاہم انہیں یقین ہے کہ مشترکہ کوششوں سے اسے مقررہ مدت میں مکمل کرلیا جائے گا۔