اسرائیلی فضائی حملے میں حماس رہنما اہلیہ اور دو بچوں سمیت شہید

اسرائیلی فضائی حملے میں حماس رہنما اہلیہ اور دو بچوں سمیت شہید

غزہ ( مانیٹرنگ ڈیسک) جنگ بندی کے باوجود غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیاں جاری ہیں، تازہ فضائی حملے میں حماس کے ایک سینئر عہدیدار محمد ابوعلوف اپنی اہلیہ اور دو بچوں سمیت شہید ہوگئے۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں حماس کے داخلی سلامتی کے سینئر عہدیدار محمد ابوعلوف کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ اپنی اہلیہ اور دو بچوں سمیت جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے حماس کے سربراہ خلیل الحیہ کو بھی قتل کرنے کی دھمکی دی ہے۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ غزہ میں حماس کی قیادت کو نشانہ بنایا جاچکا ہے اور اب خلیل الحیہ کی باری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الحیہ کو بھی اسماعیل ہنیہ کے پاس بھیج دیا جائے گا۔اسرائیلی وزیر دفاع نے مزید الزام عائد کیا کہ ترک صدر رجب طیب اردوان حماس رہنماؤں کو تحفظ فراہم کررہے ہیں اور ترکیہ کی جانب سے اسرائیل اور خطے کے اہم مسلم ممالک کے خلاف حماس کی سرگرمیوں کی حمایت کی جارہی ہے۔حماس قیادت کو نشانہ بنانے سے متعلق اسرائیلی دھمکیاں غزہ میں جاری فوجی کارروائیوں کے دوران سامنے آئی ہیں، جبکہ حالیہ بیان بھی اسی سلسلے کی کڑی قرار دیا جارہا ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.