ٹرمپ کے خصوصی ایلچی کی ایرانی نمائندوں سے متعدد ملاقاتوں کی تصدیق
واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی جیرڈ کشنر نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے ساتھ جاری تنازع کے دوران ان کی ایرانی نمائندوں سے کئی مرتبہ ملاقاتیں ہوچکی ہیں، تاہم ان ملاقاتوں کی تاریخوں، مقامات اور زیر بحث امور کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔جیرڈ کشنر نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے ایران کے معاملے پر تمام ممکنہ راستے کھلے رکھے ہوئے ہیں اور وہ اس صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق امریکی صدر نے ایران سے متعلق بحران سے نمٹنے کے لیے ایک خصوصی ٹیم بھی تشکیل دی ہے، جو مختلف امکانات کا جائزہ لے رہی ہے۔خصوصی ایلچی نے ایران کے معاملے پر یورپی ممالک کے طرزعمل کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپی ممالک امریکا سے بہت زیادہ توقعات وابستہ رکھتے ہیں، لیکن ایران کے معاملے میں ان کا ردعمل قابلِ اطمینان نہیں رہا۔کشنر نے مزید بتایا کہ وہ ایران سے متعلق تنازع کے حوالے سے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی سربراہی میں کام کررہے تھے۔ ان کی جانب سے ایرانی نمائندوں سے متعدد ملاقاتوں کی تصدیق ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب واشنگٹن نے ایران کے معاملے پر تمام ممکنہ آپشنز برقرار رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔