ایرانی طیاروں کی موجودگی کی خبریں بے بنیاد، دفتر خارجہ کی سخت تردید
اسلام آباد( ترکیہ خبر) پاکستان کے دفتر خارجہ نے نور خان ایئربیس پر ایرانی طیاروں کی موجودگی سے متعلق غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کو گمراہ کن اور سنسنی خیز قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ ترجمان کے جاری کردہ بیان میں واضح کیا گیا کہ اس نوعیت کی قیاس آرائیوں پر مبنی خبریں خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہیں۔بیان کے مطابق جنگ بندی کے بعد اور اسلام آباد میں مذاکرات کے ابتدائی مرحلے کے دوران ایران اور امریکا کے متعدد طیارے پاکستان آئے تھے، جن کا مقصد سفارتی عملے، سیکیورٹی ٹیموں اور انتظامی اہلکاروں کی نقل و حرکت کو سہولت فراہم کرنا تھا۔دفتر خارجہ نے بتایا کہ بعض طیارے اور معاون عملہ آئندہ مذاکرات کی توقع میں عارضی طور پر پاکستان میں موجود رہے، تاہم اس کا کسی بھی قسم کی فوجی ہنگامی صورتحال یا حفاظتی اقدامات سے کوئی تعلق نہیں۔ترجمان کے مطابق اگرچہ باضابطہ مذاکرات کا نیا دور شروع نہیں ہوا، لیکن اعلیٰ سطح کے سفارتی رابطے بدستور جاری ہیں اور اسی تناظر میں ایرانی وزیر خارجہ کے دوروں کے لیے بھی انہی انتظامی سہولیات کو استعمال کیا گیا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان نے ہمیشہ غیر جانبدار اور ذمہ دار سہولت کار کا کردار ادا کیا ہے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سنجیدہ سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان آئندہ بھی امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔