ترکیہ خبر

وسائل پر قبضے کے لیے خطے میں بے امنی پھیلائی گئی، مولانا فضل الرحمان

وسائل پر قبضے کے لیے خطے میں بے امنی پھیلائی گئی، مولانا فضل الرحمان

چارسدہ( ترکیہ خبر) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عالمی طاقتیں خطے کے وسائل اور دولت پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے عدم استحکام کو فروغ دے رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کی توجہ دنیا کے قدرتی اور معاشی وسائل پر مرکوز ہے، اسی مقصد کے تحت مختلف علاقوں میں بے امنی کو ہوا دی گئی۔چارسدہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ برصغیر میں جب تک علماء کو قیادت حاصل رہی، معاشرے میں امن و استحکام قائم رہا، تاہم علماء سے قیادت چھینے جانے کے بعد بدامنی اور انتشار میں اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں فرقہ وارانہ تقسیم پیدا کرنے کی کوششیں کی گئیں، لیکن جمعیت علمائے اسلام نے ہمیشہ ایسے رجحانات کی مزاحمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں ان کی جماعت کے ساتھ ناانصافی کی گئی، جس کا اعتراف بھی سامنے آ چکا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتخابی نتائج عوامی رائے کے مطابق جاری کیے جائیں، بصورت دیگر ایوان میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بھارت کے ساتھ کشیدگی اور ایران و امریکا کے درمیان مفاہمتی کوششوں کے دوران بھی ان کی جماعت نے قومی مفاد میں مثبت کردار ادا کیا۔ انہوں نے حکمرانوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی بنیادی ضروریات سے محروم ہے جبکہ اقتدار کے ایوانوں میں مراعات اور آسائشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کو درپیش سیاسی اور معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عوامی اعتماد بحال کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان موجود مسائل کا حل بھی بات چیت اور سفارتی مذاکرات کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔