پاکستان سمیت علاقائی ممالک امریکا ایران کشیدگی کم کرانے کیلئے سرگرم

پاکستان سمیت علاقائی ممالک امریکا ایران کشیدگی کم کرانے کیلئے سرگرم

اسلام آباد( ترکیہ خبر) پاکستان، قطر اور دیگر علاقائی ممالک امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کم کرنے کیلئے سفارتی کوششوں میں مصروف ہوگئے ہیں۔امریکی خبر رساں ویب سائٹ ایگزیوس کے مطابق پاکستان، قطر، ترکیہ، مصر اور سعودی عرب دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اختلافات کم کرنے کیلئے کردار ادا کر رہے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ثالث ممالک جوہری مذاکرات کی بحالی کیلئے سفارتی رابطے تیز کر رہے ہیں، جبکہ امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات دوبارہ شروع کرانے کیلئے بھی کوششیں جاری ہیں۔ایگزیوس کے مطابق ثالث ممالک مفاہمت کے عمل کو برقرار رکھنے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ اس دوران ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ امریکی حملے معاہدے کی خلاف ورزی ہیں۔رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کشیدگی کے باوجود تنازع کا سفارتی حل چاہتے ہیں اور جوہری معاہدے سے متعلق تکنیکی مذاکرات جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔امریکی میڈیا کے مطابق حالیہ سفارتی کوششوں کے نتیجے میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی کے آثار سامنے آئے ہیں۔اس سے قبل ایک امریکی عہدیدار نے بتایا تھا کہ حملوں کے باوجود امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، جبکہ امریکا اب بھی ایران کے ساتھ کسی ممکنہ حل تک پہنچنے کیلئے پرعزم ہے۔امریکی عہدیدار کے مطابق ایران کے ساتھ تکنیکی سطح کے مذاکرات بدستور جاری ہیں۔ اگرچہ دونوں ممالک کے درمیان فوجی کشیدگی برقرار ہے، تاہم سفارتی رابطے اور مذاکراتی عمل بھی جاری ہے تاکہ تنازع کا پرامن حل تلاش کیا جا سکے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.