ترکیے خبر

کوئٹہ: تیزاب گردی کے خلاف ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال، ایمرجنسی سروسز جاری

کوئٹہ: تیزاب گردی کے خلاف ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال، ایمرجنسی سروسز جاری

کوئٹہ ( ترکیہ خبر)تیزاب گردی کے واقعے کے خلاف ینگ ڈاکٹرز نے ہڑتال کرتے ہوئے بلوچستان کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی کے سوا دیگر طبی خدمات کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔ڈاکٹروں نے احتجاجی ریلی نکالی اور سیکرٹری صحت بلوچستان، ایم ایس سول اسپتال اور سیکیورٹی انچارج کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے متعلقہ حکام کی معطلی اور اسپتالوں میں ڈاکٹرز کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔دوسری جانب بلوچستان حکومت کے ترجمان بابر یوسفزئی کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان کوئٹہ پہنچنے کے بعد ینگ ڈاکٹرز سے ملاقات کریں گے، اور حکومت ڈاکٹرز کے جائز مطالبات پر غور کرے گی۔تیزاب گردی کا نشانہ بننے والی ڈاکٹر ماہ نور کی ابتدائی طبی رپورٹ کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر اور تسلی بخش بتائی گئی ہے۔ وہ اس وقت کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔مزید برآں وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعے کے دوران لیڈی ڈاکٹر کی مدد کرنے والے عبدالرزاق ترکئی کے لیے سول ایوارڈ دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔