قطر نے امریکا اور ایران کے درمیان فوری ملاقات کی خبروں کی تردید کر دی
ریا ض( مانیٹرنگ ڈیسک)قطر کی وزارت خارجہ نے واضح کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان کسی اعلیٰ سطحی ملاقات کا فی الحال کوئی منصوبہ نہیں ہے۔قطری وزارت خارجہ کے مطابق امریکی نمائندے اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر ثالثوں سے ملاقات اور مذاکراتی عمل پر تبادلہ خیال کے لیے قطر میں موجود ہیں، تاہم ان کی ایرانی حکام سے براہ راست ملاقات طے نہیں ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ دوحہ میں واشنگٹن اور تہران کے درمیان کسی اعلیٰ سطحی اجلاس کے انعقاد کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔ترجمان کے مطابق قطر آبنائے ہرمز اور بحری جہازوں کی محفوظ نقل و حرکت کے حوالے سے سلطنت عمان کے ساتھ بھی رابطے میں ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایران کے چھ ارب ڈالر کے منجمد اثاثے تاحال تہران منتقل نہیں کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق یہ فنڈز 2023 کے معاہدے کے تحت صرف انسانی ضروریات کی اشیا کی خریداری کے لیے مختص ہیں۔