چین کا بحرالکاہل میں آبدوز سے اسٹریٹجک میزائل کا کامیاب تجربہ
بیجنگ( مانیٹرنگ ڈیسک) چینی بحریہ نے بحرالکاہل میں ایک اسٹریٹجک میزائل کا کامیاب تجربہ کرنے کا اعلان کیا ہے، جس سے خطے میں سکیورٹی سے متعلق خدشات ایک بار پھر نمایاں ہو گئے ہیں۔چینی بحریہ کے ترجمان وانگ شیوئے منگ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم وی چیٹ پر جاری بیان میں بتایا کہ 6 جولائی 2026ء کو دوپہر 12 بج کر ایک منٹ پر چینی پیپلز لبریشن آرمی نیوی کی ایک اسٹریٹجک ایٹمی آبدوز سے بحرالکاہل کے کھلے سمندر کی جانب تربیتی وارہیڈ سے لیس ایک اسٹریٹجک میزائل کامیابی سے فائر کیا گیا، جو اپنے مقررہ سمندری ہدف پر جا گرا۔چینی سرکاری خبر رساں ادارے شینہوا کے مطابق یہ میزائل تجربہ چین کی سالانہ فوجی مشقوں کا معمول کا حصہ تھا اور اس سے قبل متعلقہ ممالک کو باضابطہ طور پر آگاہ بھی کر دیا گیا تھا۔دوسری جانب جاپان نے اس تجربے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بحرالکاہل میں ایسے میزائل تجربات سے گریز کرے۔جاپان کی وزارتِ دفاع اور وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ اگرچہ ٹوکیو کو میزائل تجربے کے بارے میں پیشگی اطلاع دی گئی تھی، تاہم جاپان نے چین پر زور دیا تھا کہ وہ اس بیلسٹک میزائل کے تجربے پر نظرثانی کرے تاکہ یہ جاپان کی سلامتی اور علاقائی استحکام کے لیے کسی قسم کا خطرہ نہ بنے۔چین کا کہنا ہے کہ یہ تجربہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق اور معمول کی فوجی تربیت کا حصہ تھا، جبکہ جاپان سمیت خطے کے بعض ممالک اس نوعیت کے تجربات کو علاقائی سلامتی کے تناظر میں تشویش کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔