باکو آرٹ فیسٹیول میں ’’ذکریٰ: یادوں کی رات‘‘ پیش، مہربان علیئیوا کی شرکت
باکو ( تر کیہ خبر) آذربائیجان کے اسٹیٹ اکیڈمک نیشنل ڈرامہ تھیٹر میں باکو انٹرنیشنل آرٹ فیسٹیول (BIAF-2026) کے تحت ڈرامہ ’’ذکریٰ: یادوں کی رات‘‘ پیش کیا گیا، جسے آذربائیجان کی خاتون اول اور پہلی نائب صدر مہربان علیئیوا نے اہل خانہ کے ہمراہ دیکھا۔سعودی عرب کے شہر العلا میں قائم جدید فنونِ لطیفہ کے عالمی ثقافتی مرکز ’’وادی الفن‘‘ کے لیے تیار کیا گیا یہ ڈرامہ معروف اور متعدد ایوارڈز یافتہ ہدایت کار و کوریوگرافر اکرم خان کا تازہ ترین تخلیقی کام ہے۔اکرم خان نے اس منصوبے میں بصری ہدایت کار منال الدویان کے ساتھ کام کیا ہے، جس میں جدید رقص اور کلاسیکی بھارتی رقص کے منفرد انداز کو یکجا کیا گیا ہے۔ڈرامے میں خواتین ایک رات کے لیے جمع ہو کر اپنے سے پہلے گزرنے والوں کی روحوں کو بیدار کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ مقدس رسم اور مشترکہ یادوں کے ذریعے وہ ماضی اور حال کو جوڑتے ہوئے روحانی تجدید کا تجربہ پیش کرتی ہیں۔