صدر اردوان جنوبی کوریا کے دورے پر سیول روانہ، اہم معاہدوں پر دستخط متوقع
استنبول ( تر کیہ خبر) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ کی دعوت پر اتوار کو سیول روانہ ہو گئے، جہاں وہ بدھ تک قیام کریں گے۔دورے کے دوران دونوں رہنماؤں کی منگل کو باضابطہ ملاقات اور مذاکرات طے ہیں۔ بات چیت میں دونوں ممالک کے اسٹریٹجک شراکت داری کے تمام پہلوؤں سمیت علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔دونوں ملکوں کے دوطرفہ تعلقات کے قانونی اور ادارہ جاتی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے متعدد معاہدوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔صدر اردوان کے ہمراہ خاتون اول امینہ اردوان، وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بائراکتار، وزیر دفاع یشار گولر اور وزیر صنعت و ٹیکنالوجی مہمت فاتح کاجیر بھی جنوبی کوریا گئے ہیں۔