صدر اردوان کا جنوبی کوریا کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہو گا: ترک حکام
انقرہ ( تر کیہ خبر) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان یکم سے 4 نومبر 2026 تک جنوبی کوریا کا سرکاری دورہ کریں گے۔ ترک صدر کے شعبہ مواصلات کے سربراہ برہان الدین دوران نے اتوار کو اس دورے کا اعلان کیا۔ترک سوشل میڈیا پلیٹ فارم این سوشل پر جاری بیان کے مطابق صدر اردوان جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ کی دعوت پر سیول جائیں گے۔دورے کے دوران 3 نومبر کو دونوں رہنماؤں کے درمیان باضابطہ مذاکرات ہوں گے، جن میں دوطرفہ اسٹریٹجک شراکت داری کے تمام پہلوؤں اور موجودہ علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔برہان الدین دوران کے مطابق دورے کے موقع پر دونوں ممالک کے تعلقات کے قانونی ڈھانچے کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مختلف دستاویزات پر بھی دستخط کیے جائیں گے۔