ایران کی منجمد رقوم سے امریکی زرعی مصنوعات کی خریداری پر مبینہ اتفاق

ایران کی منجمد رقوم سے امریکی زرعی مصنوعات کی خریداری پر مبینہ اتفاق

دوحہ( مانیٹرنگ ڈیسک) العربیہ سے وابستہ اعلیٰ ذرائع کے مطابق ایران کو اپنی منجمد رقوم کے ایک حصے سے امریکی زرعی مصنوعات خریدنے کی اجازت دینے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اس معاہدے کے تحت ایران کو براہِ راست نقد رقم فراہم نہیں کی جائے گی، بلکہ منجمد اثاثوں کا استعمال صرف امریکی زرعی مصنوعات کی خریداری تک محدود رکھا جائے گا۔ادھر ایران کے وزیر زراعت غلام رضا نوری نے کہا ہے کہ اگر امریکی زرعی اجناس مناسب قیمت پر دستیاب ہوں تو ایران ان کی خریداری پر غور کر سکتا ہے۔ ان کے مطابق منجمد رقوم کو بنیادی ضروری اشیا کی خریداری کے لیے استعمال کرنا ایران کی معاشی ضروریات پوری کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔اس سے قبل العربیہ کے ذرائع نے انکشاف کیا تھا کہ دوحہ میں امریکہ اور ایران کے درمیان بالواسطہ مذاکرات میں آبنائے ہرمز اور علاقائی استحکام سے متعلق معاملات پر بھی غور کیا جا رہا ہے، جبکہ ایران کو ہفتے کے اختتام تک تقریباً 3 ارب ڈالر کی منجمد رقوم تک رسائی کی توقع ظاہر کی گئی تھی۔قطری وزارت خارجہ کے مطابق ایران کی تقریباً 6 ارب ڈالر کی منجمد رقوم اب تک مکمل طور پر منتقل نہیں کی گئیں اور یہ رقم صرف بنیادی ضروری اشیا کی خریداری کے لیے استعمال ہو سکتی ہے۔ایرانی وزارت خارجہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ تہران کی اولین ترجیح اپنی منجمد رقوم تک آزادانہ رسائی حاصل کرنا اور انہیں ملکی ضروریات کے مطابق استعمال کرنا ہے۔رپورٹ کے مطابق ایران مجموعی طور پر بیرونِ ملک موجود 100 ارب ڈالر سے زائد منجمد اثاثوں کو اپنی ملکیت قرار دیتا ہے اور ان تک مکمل رسائی کا مطالبہ کرتا رہا ہے، تاہم یہ رقوم مختلف پابندیوں کے باعث محدود ہیں۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.