ایران اپنے مفادات اور آزادی کی جنگ لڑ رہا ہے:پیوٹن
کرغزستان( مانیٹرنگ ڈیسک)روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ ماسکو سمجھتا ہے ایران اپنے مفادات اور آزادی کے لیے جدوجہد کر رہا ہے اور انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہے، تاہم افسوس ہے کہ پہلے قائم ہونے والا امن دیرپا ثابت نہ ہوسکا۔کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کے دوران پیوٹن نے کہا کہ ماسکو اپنے مفادات کے حصول کی جدوجہد میں ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔روسی صدر نے کہا کہ موجودہ فوجی اور سیاسی صورتحال کے باوجود روس اور ایران اپنے اقتصادی اور تجارتی تعلقات جاری رکھیں گے۔اس موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے جنگ اور اس کے نتیجے میں ایران پر عائد پابندیوں کے معاملے پر روس کے مؤقف کی حمایت پر صدر پیوٹن کا شکریہ ادا کیا۔پزشکیان نے کہا کہ روس اور ایران اسٹریٹیجک شراکت دار ہیں اور دونوں ممالک امریکا کے یکطرفہ جارحانہ اقدامات کا مقابلہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکا نے ایرانی طلبہ، بے گناہ نوجوانوں اور دیگر شہریوں کو قتل کیا، جو ان کے بقول غیرقانونی اقدام ہے۔بشکیک میں گفتگو کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ وہ جانتے ہیں روس ایران کی حمایت کر رہا ہے، اسی وجہ سے ایران بھی مشکل وقت میں روس کے ساتھ کھڑا ہے۔