پنجاب میں صاف پانی گھر گھر پہنچانے کا منصوبہ، بوتلوں پر چارجز مسترد

پنجاب میں صاف پانی گھر گھر پہنچانے کا منصوبہ، بوتلوں پر چارجز مسترد

لاہور( تر کیہ خبر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صاف پینے کے پانی کی بوتلوں پر فیس عائد کرنے کی ابتدائی تجویز مسترد کرتے ہوئے عوام کو مفت اور صاف پانی ان کی دہلیز تک پہنچانے کی ہدایت کر دی۔وزیراعلیٰ کی زیر صدارت صاف پانی اتھارٹی کے اجلاس میں چار اضلاع میں جاری کلین ڈرنکنگ واٹر پائلٹ منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں منصوبے کی روزانہ رپورٹ طلب کی گئی جبکہ متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو عوامی رائے اور پانی کی ضروریات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں 864 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تعمیر جاری ہے، جبکہ مزید 1 ہزار 913 پلانٹس پر کام شروع کیا جائے گا۔ پائلٹ منصوبے کے تحت چار اضلاع میں 19 لیٹر کی 10 ہزار بوتلیں مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں 1 ہزار 886 واٹر فلٹریشن منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، جبکہ 670 بوٹلنگ پلانٹس اور 4 ہزار 20 ڈسٹری بیوشن پوائنٹس کے قیام کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔مریم نواز شریف نے کہا کہ صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے، حکومت کا مقصد عوام کو ان کے گھروں تک پینے کا صاف پانی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں کے لوگوں خصوصاً خواتین اور بزرگوں کو پانی کے حصول کے لیے مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کلین ڈرنکنگ واٹر منصوبہ صرف سہولت نہیں بلکہ عوام کی صحت، آرام اور وقار کی ضمانت ہے، اور صاف پانی کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.