ترکیہ خبر

ورلڈ اربن فورم میں پنجاب پویلین توجہ کا مرکز بن گیا

ورلڈ اربن فورم میں پنجاب پویلین توجہ کا مرکز بن گیا

لاہور( ترکیہ خبر)آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں منعقدہ عالمی شہری ترقیاتی فورم میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب پویلین کا افتتاح کر دیا۔افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب پویلین عالمی فورم میں خاص توجہ حاصل کر رہا ہے اور یہاں پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کو بین الاقوامی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔مریم نواز شریف نے پنجاب پویلین کے عملے کی کارکردگی کو سراہا اور مختلف ترقیاتی پروگراموں پر بریفنگ بھی لی۔ اس دوران انہوں نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور جدید مصنوعی ذہانت سے متعلق آلات کا مشاہدہ بھی کیا۔ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ موجود تھے۔پویلین میں حکومت پنجاب کے فلاحی منصوبے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پر مبنی دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی، جس میں منصوبے کے تحت تعمیر ہونے والے گھروں اور عوامی فلاح کے اقدامات کو نمایاں کیا گیا۔دستاویزی فلم دیکھنے کے بعد عالمی میڈیا نمائندوں اور غیر ملکی وفود نے وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات کو سراہتے ہوئے تالیاں بجا کر خراجِ تحسین پیش کیا۔ حکام کے مطابق صرف ایک سال کے دوران اس منصوبے کے تحت ایک لاکھ سے زائد گھر مکمل کیے جا چکے ہیں۔فورم میں شریک عالمی وفود نے پنجاب حکومت کے شہری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاحی پروگراموں اور رہائشی سکیموں کو مثبت پیش رفت قرار دیا۔