پنجاب ترقی اور گورننس میں سبقت لے گیا، مریم نواز

پنجاب ترقی اور گورننس میں سبقت لے گیا، مریم نواز

لاہور( تر کیہ خبر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب آج گورننس اور ترقی کے میدان میں آگے ہے اور صوبے کی ترقی کا سفر کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ٹریننگ کالج چوہنگ میں لیڈی پولیس افسران کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کی باصلاحیت اور باہمت بیٹیوں کو دیکھ کر خوشی اور فخر محسوس ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین پولیس افسران نے 40 ہفتوں کی تربیت مکمل کی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ان بچیوں پر اعتماد کرنے والے والدین قابل تحسین ہیں، خواتین مختلف اداروں میں بہترین خدمات انجام دے رہی ہیں اور پنجاب میں انہیں بااختیار بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی وردی پہننا ایک بڑی ذمہ داری ہے، اس کے لیے فرائض کا احساس ضروری ہے۔ خواتین کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جن میں سکوٹی پروگرام اور روزگار کے مواقع شامل ہیں، جبکہ خواتین ہر شعبے میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب نے مختلف شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے اور صوبے کی کارکردگی کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے اور صوبے کو خواتین کے لیے محفوظ بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گلی محلوں تک خواتین کے لیے محفوظ ماحول یقینی بنایا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی کہ خواتین کی پولیس میں بھرتی کے عمل کو مزید آسان بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پولیس کے ساتھ براہ راست رابطے میں رہتی ہیں اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں کی جانے والی سرمایہ کاری مستقبل میں فائدہ مند ثابت ہوگی۔اس سے قبل مریم نواز نے چوہنگ ٹریننگ کالج میں لیڈی پولیس افسران کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا، جہاں تربیت مکمل کرنے والی افسران نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.