ترکیہ خبر

پنجاب اور آذربائیجان کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

پنجاب اور آذربائیجان کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

لاہور ( ترکیہ خبر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آذربائیجان کے وزیرِ اقتصاد مائیکل جباروف سے تفصیلی ملاقات کی، جس میں دوطرفہ اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آذربائیجان کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور تجارت، سرمایہ کاری، شہری ترقی، زراعت، سیاحت، لاجسٹکس اور انفراسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔اعلامیے کے مطابق اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری میں سہولت کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کو اس ورکنگ گروپ کی سربراہی سونپی ہے۔ورکنگ گروپ میں دونوں ممالک کے متعلقہ سرکاری اداروں اور تکنیکی ماہرین کو شامل کیا جائے گا، جو مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے لیے ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کریں گے۔ اس کے علاوہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے مواقع، سرمایہ کاروں کے روابط اور منصوبوں کی پیش رفت کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ملاقات میں ہاؤسنگ، توانائی، زراعت، انفراسٹرکچر اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے فریم ورک پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ کاروباری آسانیوں اور ریگولیٹری سہولت کاری کے مؤثر نظام پر اتفاق کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدے کے امکانات پر بھی غور کیا، جس کا مقصد دوطرفہ تجارت میں اضافہ اور تجارتی رکاوٹوں میں کمی لانا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے آذربائیجان کے وزیرِ اقتصاد کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، جبکہ اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ مشترکہ ورکنگ گروپ کے ذریعے تعاون کو عملی منصوبوں میں تبدیل کرنے کے لیے رابطے مزید تیز کیے جائیں گے۔