پی ٹی آئی اختلافات، ڈی آئی خان کے ترقیاتی فنڈز بند
پشاور( تر کیہ خبر)پاکستان تحریک انصاف کے اندرونی اختلافات میں مزید اضافہ ہوگیا، خیبرپختونخوا حکومت نے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے آبائی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز روک دیے۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے درمیان گزشتہ کچھ عرصے سے اختلافات برقرار ہیں۔ ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا فون نمبر بھی بلاک کر رکھا ہے۔قومی اسمبلی کے رکن فیصل امین گنڈاپور نے ڈیرہ اسماعیل خان کے ترقیاتی فنڈز روکے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی حالیہ 43 ارب روپے کی مجموعی مالیاتی فراہمی میں ڈیرہ اسماعیل خان کے لیے صرف 8 کروڑ روپے جاری کیے گئے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے تحت 50 سے 60 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا کام مکمل ہوچکا ہے، تاہم اس کی ادائیگیاں ابھی واجبات کی صورت میں باقی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مالی سال 2026-27 میں ان منصوبوں کے لیے کوئی بجٹ مختص نہیں کیا گیا۔