پی ٹی آئی پنجاب کا 27 ستمبر کا لانگ مارچ ملتوی کرنے کا مطالبہ
اسلام آباد( تر کیہ خبر) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سمیت پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے رہنماؤں نے پارٹی قیادت سے لانگ مارچ ملتوی کرنے کی درخواست کردی۔جمعرات کو کے پی ہاؤس اسلام آباد میں پی ٹی آئی کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور سلمان اکرم راجہ بھی شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس خصوصی طور پر پی ٹی آئی پنجاب کے ارکان کے مطالبے پر بلایا گیا تھا۔اجلاس میں لانگ مارچ کے حوالے سے ارکان سے مشاورت کی گئی، جس دوران پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سمیت دیگر رہنماؤں نے لانگ مارچ مؤخر کرنے کی درخواست کی۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی ارکان نے مؤقف اختیار کیا کہ لانگ مارچ کے لیے تیاریاں ناکافی ہیں۔ پنجاب سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے شکوہ کیا کہ مارچ کا اعلان کرنے سے قبل ان سے مشاورت نہیں کی گئی، جبکہ پشاور میں ہونے والے اجلاس میں بھی پنجاب کے ارکان کو مؤثر طور پر نہیں سنا گیا۔پی ٹی آئی پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر علی عمران نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ نے بتایا ہے کہ ان سے مشاورت نہیں کی گئی تھی۔ ان کے مطابق پنجاب کے ٹکٹ ہولڈرز کو اجلاس میں بلایا گیا تھا تاکہ 27 ستمبر کے پلان کو آگے بڑھایا جاسکے۔