لاہور واقعے پر پی ٹی آئی کا خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس طلب
پشاور ( تر کیہ خبر) لاہور واقعے پر تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا اسمبلی کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔ پارلیمانی پارٹی کے اسپیکر ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں تمام ارکان اسمبلی کو آج خیبرپختونخوا اسمبلی پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اسد قیصر نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کوئی عام شہری نہیں بلکہ صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہیں، لاہور میں ان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ کے ساتھ پورے صوبے کے چیف ایگزیکٹو اور خیبرپختونخوا کے عوام کی توہین کی گئی۔انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی اپنے شہید کارکن کی فاتحہ خوانی کیلئے لاہور گئے تھے، جبکہ عام شہری کو بھی سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور آزادانہ نقل و حرکت کا حق حاصل ہے۔اسد قیصر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے عوام نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور تحریک انصاف کو مینڈیٹ دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کارکن کی گرفتاری کے معاملے پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے کارکن کا ساتھ دیا۔ اسد قیصر نے سوال اٹھایا کہ ایس ایچ او کی کیا مجال تھی کہ وہ وزیراعلیٰ پر ہاتھ ڈالتا یا انہیں گاڑی میں بٹھاتا۔