ترکیہ خبر

محرم میں اتحاد اور برداشت کو فروغ دیا جائے، مریم نواز

محرم میں اتحاد اور برداشت کو فروغ دیا جائے، مریم نواز

لاہور( ترکیہ خبر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نئے ہجری سال کے آغاز پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اپیل کی ہے کہ محرم الحرام کے دوران اختلافات اور تفرقے سے گریز کرتے ہوئے تحمل، برداشت اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے۔اپنے پیغام میں انہوں نے دعا کی کہ نیا ہجری سال پاکستان، امت مسلمہ اور پوری انسانیت کے لیے امن، خوشحالی اور استحکام کا پیامبر ثابت ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سال ملک کی ترقی، قومی یکجہتی اور عالم اسلام کے لیے رحمت و برکت کا باعث بنے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ محرم الحرام نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے۔ ان کے مطابق امام حسینؓ کا پیغام حق، صبر اور قربانی ہر دور میں مظلوموں کے لیے حوصلے اور استقامت کا سرچشمہ ہے۔انہوں نے زور دیا کہ محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے تاکہ معاشرے میں اتحاد اور یکجہتی کی فضا برقرار رہے۔مریم نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات اور مؤثر سکیورٹی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔