امریکا ایران مذاکرات میں پیش رفت، معاہدہ ممکن ہے:اسحاق ڈار

امریکا ایران مذاکرات میں پیش رفت، معاہدہ ممکن ہے:اسحاق ڈار

اسلام آباد( ترکیہ خبر)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات چند روز پہلے بھی شروع ہو سکتے تھے، تاہم خطے کی صورتحال کے باعث عمل متاثر ہوا۔عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے بعد تکنیکی سطح کے مذاکرات دوبارہ شروع ہوئے، جو حالیہ مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کے لیے جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں جوہری پروگرام، پابندیوں، منجمد اثاثوں اور لبنان سے متعلق امور پر بات چیت ہو رہی ہے، جبکہ مختلف معاملات کے حل کے لیے 30 روز اور جامع معاہدے کے لیے 60 روز کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔نائب وزیراعظم کے مطابق پاکستان اس عمل میں سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ سعودی عرب، قطر، مصر اور متحدہ عرب امارات بھی مذاکراتی کوششوں کی حمایت کر رہے ہیں۔اسحاق ڈار نے کہا کہ مذاکرات کا اگلا مرحلہ مشکل ہو سکتا ہے، تاہم ایک قابلِ عمل حتمی معاہدہ ممکن ہے۔

© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.