اسلام آباد( ترکیہ خبر) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے انسانی خلائی مشن پر جانے والے پاکستانی خلا بازوں خرم داؤد اور محمد ذیشان علی نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران سپارکو کے خلا باز اتاشی حسنین افتخار بھی موجود تھے۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی، سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ، چیئرمین سپارکو اور پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ بھی شریک ہوئے۔وزیراعظم نے دونوں نوجوان خلا بازوں سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا خلائی مشن پر تحقیق کے لیے جانا پاکستان کے لیے ایک اہم سنگ میل اور پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خلا باز پاکستان کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کریں گے۔انہوں نے خلا بازوں کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی شب و روز محنت قابل تحسین ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین کے تعاون سے یہ خلائی سفر دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات میں مزید مضبوطی کا باعث بنے گا۔چینی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خلائی تحقیق میں پاکستان اور چین کا تعاون دوستی کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔ چینی سفیر نے بھی خلائی تحقیق میں دوطرفہ تعاون کو خوش آئند قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی پاکستانی خلا بازوں سے ملاقات، خلائی مشن کو قومی سنگ میل قرار
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان