ترکیہ خبر

وزیراعظم شہباز شریف اور قطری وزیراعظم کا خطے کی صورتحال پر رابطہ

وزیراعظم شہباز شریف اور قطری وزیراعظم کا خطے کی صورتحال پر رابطہ

اسلام آباد( ترکیہ خبر)وزیراعظم محمد شہباز شریف کو قطر کے وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی کی جانب سے ٹیلیفون کال موصول ہوئی، جس میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہونے والی گفتگو کے دوران خطے میں امن و استحکام اور موجودہ حالات پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت پر قطری قیادت کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے علاقائی سفارت کاری میں قطر کے مثبت کردار اور جاری ثالثی کوششوں کے لیے اتفاقِ رائے پیدا کرنے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں قابلِ تحسین قرار دیا۔گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان مسلسل رابطہ اور قریبی مشاورت انتہائی ضروری ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے سرکاری دورۂ پاکستان کے منتظر ہیں۔گفتگو کے اختتام پر دونوں جانب سے اعلیٰ سطح کے رابطوں اور باہمی مشاورت کے عمل کو باقاعدگی سے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔