وزیراعظم کا یومِ استحصال پر کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کا اعادہ

وزیراعظم کا یومِ استحصال پر کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کا اعادہ

اسلام آباد( تر کیہ خبر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہر سطح پر ان کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ 5 اگست کے بھارتی اقدامات کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی جبر میں مزید اضافہ ہوا، تاہم تمام تر مشکلات کے باوجود کشمیری عوام نے عزم، استقامت اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازع جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے سب سے اہم اور دیرینہ حل طلب مسئلہ ہے، جس کا پائیدار اور منصفانہ حل ہی خطے میں مستقل امن کی ضمانت بن سکتا ہے۔ ان کے مطابق طاقت کے استعمال یا یکطرفہ اقدامات سے یہ مسئلہ حل نہیں ہو سکتا۔وزیراعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ صرف تشویش کے اظہار تک محدود نہ رہے بلکہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور دیرپا حل کے لیے مؤثر اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرے۔شہباز شریف نے کہا کہ جموں و کشمیر کا منصفانہ اور پرامن حل پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی جزو ہے اور پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت ہر فورم پر جاری رکھے گا۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.