صدر زرداری سے سعودی سفیر کی الوداعی ملاقات، دوستی کو سراہا
اسلام آباد( تر کیہ خبر)صدر مملکت آصف علی زرداری سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ایوان صدر میں الوداعی ملاقات کی۔ صدر نے پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ و تزویراتی تعلقات کے فروغ کیلئے سفیر کی خدمات کو سراہا۔آصف علی زرداری نے کہا کہ سعودی سفیر نے سیاسی، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں دونوں ممالک کے روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنی آزمودہ دوستی اور تزویراتی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔سعودی سفیر نے اپنے دورِ تعیناتی کے دوران پاکستانی حکومت اور عوام کی محبت، تعاون اور گرمجوشی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان اور اس کے عوام کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھیں گے۔صدر مملکت نے نواف بن سعید المالکی کیلئے مستقبل میں کامیابی اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ ان کا دوسرا گھر رہے گا۔